تقسیم ہند پر لکھے گئے ناولوں کا جائزہ
میر اقبال
اور انسان مرگیا ، تقسیم ہند کے پس منظر میں لکھا گیا پہلا اہم ناول ہے ۔ اس ناول کے مصنف را مانند ساگر ہیں۔ انہوں نے اس ناول میں لاہور اور امرتسر کے فرقہ وارانہ فسادات کو پیش کیا ہے۔ ہندو قوم اور مسلم سماج کے درمیان فساد کی آگ نے جو انتشار اور بے چینی پیدا کی تھی اسے اس ناول میں بخوبی پیش کیا گیا ہے۔ اس ناول کا مقدمہ خواجہ احمد عباس نے لکھا ہے۔
تقسیم ہند کے تناظر میں کرشن چندر کے ناول "غدار" کی اہمیت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا۔اس ناول کا مرکزی خیال بھی تقسیم ہند اور ہجرت ہے ۔ "وطنیت بھی مذہب سے مشروط ہوتی ہے" ۔ پھر وہ چاہے مسلمان ہوں، ہندو یا سکھ ۔ ناول کے مرکزی کردار کا نام "بیج ناتھ" تھا ۔ جو شادی شدہ اور بال بچوں والا ہونے کے باوجود ایک مسلمان لڑکی " شاداں" کی محبت میں گرفتار تھا لیکن تقسیم نے ان دونوں کو بھی دور کر دیا ۔ شاداں کا کردار بیج ناتھ کو لاہور اسٹیشن پہنچانے کے بعد ختم ہو گیا ۔
تقسیم ہند کے حوالے سے قرۃ العین حیدر کا ناول ”آگ کا دریا بھی انتہائی اہم ہے۔یہ ناول 1959 میں شائع ہوا۔ اس ناول میں مصنفہ نے ہندوستان کی ڈھائی ہزار سالہ قدیم تہذیبی تاریخ کو سمیٹنے کی کوشش کی ہے۔ مذہبی، تہذیبی اور سیاسی صورتحال میں ہونے والی تبدیلیوں اور قوموں کے عروج و زوال کی کہانیاں ملتی ہیں ۔ گوتم ، مال، ہری شنکر ، چمپا، طلعت ، روشن ، زرینه، ساجده، فیروزہ، روز میری، سرل ایشلے، ہریش رائے وغیرہ اس ناول کے اہم کردار ہیں۔آگ کا دریا کے علاوہ قرۃ العین حیدر کےتقسیم ہند پر لکھے گیے ناولوں کے نام میرے بھی صنم خانے ، آخری شب کے ہم سفر وغیرہ ہیں۔
عبداللہ حسین اردو کے چند اہم ادبیوں میں شامل ہیں۔ ان کا ناول ” اداس نسلیں 1962 میں شائع ہوا۔ یہ ناول مشرقی پنجاب اور دہلی کے درمیانی علاقے کے دو خاندانوں کی زندگی کو پیش کرتا ہے۔ پروفیسر قمر رئیس کے مطابق ادس نسلیں، پہلا ناول ہے جو جنگ عظیم اول سے لے کر ہندوستان کے بٹوارے تک انگریزی سامراج کی سیاسی ریشہ دوانیوں ،تحریک آزادی اور اس تحریک میں کسان و مزدور طبقے کے کردار وحیثیت کو پنجاب کے ایک کسان کے نقطہ نگاہ سے پیش کرتا ہے۔ اس میں کرداروں کے ذریعہ تقسیم اور ہجرت کے جملہ حالات و مسائل کی تصویر کشی کی ہے۔
شوکت صدیقی کا ناول 'خدا کی بستی بھی تقسیم ہند کے پس منظر میں خلق کیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے اس ناول میں تقسیم کے بعد لا ہور اور کراچی میں وجود میں آنے والی نئی بستیوں کو تفصیل سے موضوع بحث بنایا ہے۔اس ناول میں سماج کے مختلف طبقوں کی حیرت افزا تصویر کشی ملتی ہے۔
انتظار حسین کے ناولوں میں بھی تقسیم کے اثرات دیکھے جاسکتے ہیں۔ ان کے ناول چاند گہن میں دہلی کی اجرتی فضا اور تبدیل ہوتی سماجی زندگی کے ساتھ ساتھ نئے سیاسی نظام پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
ان کے علاوہ کئی ناول نگاروں نے کئی ناول تقسیم ہند پر لکھے ہیں۔
x
0 comments:
Post a Comment